کوئٹہ : سابق وزیر اعظم اور نواز لیگ کے سربراہ محمد نواز شریف دو روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے ہیں جہاں 20 سے زائد الیکٹ ایبلز مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کریں گے۔ نواز شریف کے ساتھ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور سینئر نائب صدر مریم نواز بھی ہیں۔
نیو نیوز کے مطابق ایئرپورٹ سے سخت سیکورٹی میں ان کو سرینا ہوٹل پہنچایا گیا۔ مقامی میڈیا کو نہ ایئرپورٹ پر ان کے پاس جانے دیا گیا اور نہ ہوٹل میں میڈیا کے نمائندوں کو جانے کی اجازت دی گئی۔
مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت کی جانب سے مقامی میڈیا کو دور رکھنے کی وجہ سیکورٹی کی صورت حال قرار دیا گیا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب از خود تمام ہدایات اور پروگرام کی تفصیلات جاری کریں گی۔ایئرپورٹ سے سرینا ہوٹل پہنچنے پر میاں نواز شریف کی جانب سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔