پشاور: خیبر پختونخوا میں ایم ڈی کیٹ کے بعد پبلک سروس کمیشن کے ٹیسٹ میں بھی جدید طریقے سے نقل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
کے پی کے پبلک سروس کمیشن کی زیر نگرانی گریڈ 17 کے لیے ٹیسٹ میں امیدوار نقل کرتے پکڑے گئے۔ پبلک سروس کمیشن نوٹس کے مطابق محکمہ آبپاشی، سی این ڈبلیو میں ملازمت کے لیے منعقدہ امتحان میں 18 امیدوار نقل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں۔
نقل کرنے والے امیدواروں سے الیکٹرانک ڈیوائسز، گائیڈ اور نقل کے دوسرے مواد برآمد کیے گئے ہیں۔ پبلک سروس کمیشن کے مطابق کارروائی وزیراعظم پورٹل پر شکایت کے بعد کی گئی۔ پکڑے گئے امیدواروں کے پرچے کینسل کردیے گئے ہیں۔ نقل ثابت ہونے پر ایک سے 3 سال تک پابندی لگائی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے میڈیکل داخلہ ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) میں بھی نقل کا انکشاف ہوا تھا، جس کے بعد ملوث طلبہ پر 2 سال کے لیے امتحان دینے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے طلبہ پر پابندی عائد کرنے کے حوالے سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ 219 طلبہ پر 2 سال کے لیے ایم ڈی کیٹ دینے پر پابندی عائد ہوگی۔