ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے بعد خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن میں بھی نقل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
پبلک سروس کمیشن نے دوبارہ امتحان کے لیے پبلک نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ آبپاشی اور سی این ڈبلیو میں ایس ڈی او کی بھرتی کے لیے 24 جون کو منعقد ہونے والے ٹیسٹ میں وزیرِ اعظم پورٹل پر نقل سے متعلق شکایت پیشگی موصول ہوئی تھیں، ٹیسٹ کے دوران 18 امیدواروں کو نقل کرتے پکڑا گیا۔
کمیشن نے کہا کہ امیدواروں سے الیکٹرانک آلات، گائیڈ اور نقل کے دیگر مواد برآمد ہوئے، جس کے بعد نقل کرنے والے امیدواروں کے پرچے منسوخ کر دیے گئے۔ امیدواروں پر ایک سے تین سال امتحان دینے پر پابندی لگا دی ہے ، متعلقہ ٹیسٹ دوبارہ 23 دسمبر کو لیا جائے گا۔