اسلام آباد: و فاقی کابینہ نے بجلی کمپنیوں کے افسران کیلئے مفت بجلی ختم کرکے رقم دینے کی اسکیم کی منظوری دیدی۔
ذرائع کے مطابق کابینہ نے انڈسٹریل سیکٹر کو موسم سر ما کے چار ماہ کیلئے بجلی کا رعایتی ٹیرف دینے کی تجویز مسترد کردی۔
ذرائع کے مطابق یہ سمری منظوری کیلئے بدھ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کی گئی جو نگران وزیراعظم انوار الحق کا کڑ کی زیر صدارت ہوا۔
مونا ٹائزیشن پالیسی کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں اور پیداواری کمپنیوں کے گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے افسران کو مفت یونٹس کی بجائے رقم دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تقسیم کار کمپنیوں کے گریڈ 17کے افسر کو 450ماہانہ مفت یونٹس کی بجائے 15 ہزار 858 روپے،گریڈ 18کے افسر کو ماہانہ600 مفت یونٹس کی بجائے 21 ہزار 996روپے، گریڈ 19کے افسر کو ماہانہ880 مفت یونٹس کی بجائے37 ہزار 594 روپے،گریڈ20کے افسرکو 1100یونٹس کی بجائے 46 ہزار992 روپے اور ڈسکوز کے گریڈ21 کے افسر کو 1300مفت یونٹس کی بجائے ماہانہ 55 ہزار536 روپے ملیں گے۔
بجلی کی پیداواری کمپنیوں کے گریڈ 17کے افسر کو ماہانہ 650 یونٹس کی بجائے 24ہزار 570 روپے اور گریڈ 18کے افسر کو ماہانہ 700 یونٹس کی بجائے 26 ہزار 460روپے ملیں گے۔
جینکوز کے گریڈ 19 کے افسر کو ماہانہ ایک ہزار مفت یونٹس کی بجائے 42 ہزار720 روپے، گریڈ 20کے افسر کو ماہانہ 1100یونٹس کی بجائے 46 ہزار 992 روپے اور گریڈ 21کے افسر کو 1300یونٹس ماہانہ کی بجائے 55 ہزار 536 روپے دیے جائینگے۔
اس سکیم کی منظو ری قبل ازیں کابینہ کی توانائی کمیٹی نے دی تھی جس کی توثیق وفاقی کا بینہ نے کی ہے اور اس سکیم کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔