آئی سی سی ون ڈ ے ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا نے ڈیوڈ ملر کی شاندار سنچری کی بدولت آسٹریلیا کو جیت کیلئے 213 رنز کے ہدف دے دیا۔
کلکتہ کے ایڈن گارڈن میں کھیلے جارہے ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا کی ٹیم کے کپتان ٹیمبا بواما نےآسٹریلیا کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
جنوبی افریقا کی پوری ٹیم آخری اوور میں 212 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، ڈیوڈ ملر 101 رنز بناکر نمایاں رہے۔
سیمی فائنل میچ میں آسٹریلیا کیخلاف جنوبی افریقا کے 4کھلاڑی 24 رنز پر ہی آؤٹ ہوگئے تھے ،تاہم بارش کے باعث میچ کچھ دیر کی روکا گیا لیکن پھر کھیل دوبارہ شروع ہوا۔
جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز کا آغاز کوئنٹن ڈی کاک اورکپتان ٹیمبا بواما نے کیا تاہم ٹیمبا بواما مچل اسٹارک کے پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رنز بنائے صفر پر آؤٹ ہوگئے اس کے بعد اوپننگ بیٹر کوئنٹن ڈی کاک 3، ایڈن مارکرم 10 رنز اور پھر راسی وین ڈیرڈوسن 6 رنز پر ہیزل وڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ٹاس کے بعد کی گئی گفتگو میں جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا بواما نے کہا کہ میں 100فیصد فٹ نہیں لیکن کھیلنے کے قابل ہوں۔
آج جمعرات کے روز کولکتہ میں طوفانی بارش ہونے کا 50 فیصد امکان ہے البتہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اس سیمی فائنل میں بارش کے سبب میچ متاثر ہونے کی صورت میں ریزرو ڈے رکھا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق اگر جمعرات کو سیمی فائنل رُکا یا نہ ہوسکا تو پھر جمعہ 17 نومبر کو کھیل کا آغاز وہیں سے کیا جائے گا۔
گزشتہ روز ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارتی ٹیم نیوزی لینڈ کو 70 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے۔