پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق سربراہ رمیز راجا، لیجنڈری ویسٹ انڈیز کرکٹر سر ویوین رچرڈز اور بھارتی اداکار نینا گپتا کے بارے میں نسل پرستانہ مذاق پر قہقہ لگانے پر تنقید کی زد میں ہیں۔
یہ تنقید ویسٹ انڈین کرکٹر سر ویوین رچرڈز اور بھارتی اداکار نینا گپتا کی بیٹی مسابا گپتا کی جانب سے کی گئی ہے جو بھارت میں نامور ڈیزائنر کے طور پر بھی جانی جاتی ہیں۔
مسابا گپتا نے سماجی پلیٹ فارم ایکس اور انسٹاگرام پر رمیز راجا پر سخت تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان کے نیشنل ٹی وی پر آپ کو ایسی بات پر ہنستے ہوئے دیکھ کر افسوس ہوا جس پر 30 سال قبل دنیا نے ہنسنا چھوڑ دیا تھا، آگے بڑھ لیجیے کیونکہ میں اور میرے والدین، ہم تینوں یہاں سر اٹھا کر جی رہے ہیں۔
انسٹاگرام اسٹوری پر انہوں نے لکھا کہ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کون ہیں، میں نسل پرستی اور ٹیلی ویژن پر اپنی والدہ کو شرمندہ کرنے کے خلاف آواز اٹھاؤں گی، میں اسے برداشت نہیں کروں گی، یہ اب بھی میری لڑائی ہے۔