کولمبیا : ایک خاتون نے اپنے کئی ساتھیوں کے ساتھ مل کر 2 سالہ بیٹے کو اغوا کروایا تاکہ شوہر سے اس کا تاوان لیا جاسکے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 12 نومبر کو کولمبیا کے شہر بارانکویلا کے جنوب میں کیریب وردے میں ایک بچے کے اغوا کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔
یہ خبر پھیلائی گئی کہ 2 سالہ بچے کو ماں کی گود سے اس وقت چھین لیا گیا جب وہ اسے لے کر چہل قدمی کے لیے نکلی تھی، دو ہیلمٹ پہنے افراد موٹرسائیکل پر سوار خاتون کے قریب پہنچے، اسے ڈرایا اور پھر اس کے بچے کو لے کر فرار ہوگئے۔ پولیس کے جائے وقوعہ پر پہنچنے کے بعد خاتون سے تفتیش کی گئی اور تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔
بچے کو ڈھونڈنے میں زیادہ وقت نہ لگا کیونکہ پولیس کو کسی نے اطلاع دی کہ 2 سالہ بچے اغوا کے بعد ایک اپارٹمنٹ میں رکھا گیا ہے، جب پولیس اس جگہ پہنچی تو ناصرف کچھ لوگ بچے کے ساتھ موجود تھے بلکہ بچے کی ماں کا بہت اچھا دوست بھی بچے کی دیکھ بھال کررہا تھا جس کی نشاندہی بچے کے والد نے کی۔
بعدازاں معلوم ہوا کہ 17 سالہ لڑکا جب 2 سالہ بچے کو لے کر گھر میں داخل ہوا تو اس کی ماں نے فورا پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس ان کے گھر پہنچی اور 2 سالہ بچے کو بازیاب کرایا۔
نوجوان سے تفتیش کی گئی تو پتا چلا کہ نوزائیدہ کی ماں نے ہی اسے کچھ دن تک اس کی دیکھ بھال کرنے کا کہا تھا تاکہ وہ اپنے شوہر سے 14 ہزار 700 ڈالرز لے سکے۔
تاہم یہ واضح نہیں کہ شوہر نے یہ جاننے کے بعد بیوی سے تعلقات ختم کیایا نہیں البتہ اس وقت 2 سالہ بچہ باپ کی دیکھ بھال میں ہے جب کہ ماں جیل میں قید ہے۔