اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوگی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بینچ نواز شریف کی ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت دوپہر دو بجے کے بعد کرے گا۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف سماعت کے دوران عدالت میں پیش ہوں گے جس کے پیش نظر اسلام آباد ہائیکورٹ اور اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔ رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری سرکلر میں اسلام آباد کی انتظامیہ اور آئی جی اسلام آباد کو سکیورٹی کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی دونوں ریفرنسز میں سزا کیخلاف اپیلیں عدم پیشی پر خارج کردی تھیں اور انہیں اشتہاری قرار دے دیا تھا۔ نواز شریف نے وطن واپس آکر اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلیں بحال کرنے کی درخواست دائر کی تھی جسے عدالت نے منظور کرلیا تھا۔ نواز شریف کی اپیلیں بحال ہونے کے بعد آج پہلی سماعت ہوگی۔