ویسٹ انڈیز کو دو مرتبہ ورلڈکپ جتوانے والے سابق کرکٹر مارلن سیمیولز پر 6 سال تک کیلئے تمام قسم کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی لگا دی گئی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے مارلن سیمیولز پر 2019 میں ابوظہبی ٹی 10 کے دوران کرپشن میں ملوث پائے جانے کے بعد پابندی عائد کر دی گئی۔وہ کرناٹک ٹسکرز نامی فرنچائز کا حصہ تھے لیکن کوئی میچ نہیں کھیلے تھے۔
آئی سی سی کے مطابق ایک آزاد ٹربیونل نے سیمیولز کو چار معاملات میں قصوروار پایا۔ سیمیولز کی طرف سے ایسے احسانات کو قبول کرنا شامل ہے جس نے خود کو اور کھیل کو بدنام کیا، تفتیشی حکام سے معلومات چھپائیں۔
آئی سی سی کے ایچ آر اینڈ انٹیگریٹی یونٹ کے سربراہ ایلکس مارشل نے بتایا کہ ‘سیمیولز نے تقریباً دو دہائیوں تک بین الاقوامی کرکٹ کھیلی۔ اس دوران انہوں نے انسداد بدعنوانی کے متعدد سیشنز میں شرکت کی اور وہ بخوبی جانتے تھے کہ انسداد بدعنوانی کوڈز کے تحت ان کی ذمہ داریاں کیا ہیں۔’
ایلکس مارشل نے مزید بتایا کہ ‘اگرچہ سیمیولز اب ریٹائر ہو چکے ہیں لیکن وہ اُس وقت اس جرم میں شریک تھے۔ چھ سال کی پابندی کسی بھی ایسے کھلاڑی کیلئے جو قواعد کو توڑنے کا ارادہ رکھتا ہے، رکاوٹ بنے گی۔’