: پنجاب حکومت نے لاہور میں پارکنگ نہ کھولنے والوں کے خلاف سخت کارروائی اور جرمانہ کرنے کا فیصلہ،مقررمدت کے اندر پارکنگ نہ کھولنے والے بلڈنگ مالکان کو 10ہزار روپے فی کنال جرمانہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کا اجلاس ہوا جس میں پارکنگ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا پارکنگ ایگریمنٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں پر ڈی سی پراپرٹی ریٹ کے 0.5 فیصد جرمانہ ہوگا،مقررمدت کے اندر پارکنگ نہ کھولنے والے بلڈنگ مالکان کو 10ہزار روپے فی کنال جرمانہ ہوگا۔پارکنگ ایگریمنٹ کے نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے ایل ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ قواعد وضوابط میں ترامیم کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔لاہور میں ٹریفک کے مسائل حل کیلئے 7چوراہوں پر یوٹرنزاورسلپ روڈز بنانے کی اصولی منظوری بھی دیدی گئی۔
ان کی حتمی منظوری سے قبل عارضی مشق کی جائے گی اور عارضی رکاوٹیں لگا کر ٹریفک کی آمد ورفت کو چیک کیا جائے گا۔لاہورکے 32 مقامات پر عارضی تجاوزات کے مستقل خاتمے کے لئے کیمپس قائم کردیے گئے، نگراں پنجاب حکومت نے 26 مقامات پر روڈ انفراسٹرکچر میں بہتری کے اقدامات کی منظوری بھی دے دی۔اجلاس میں کینال روڈ، ہربنس پورہ اور جلو کے درمیان پروٹیکٹڈ یوٹرنز بنانے، ٹیپا کے لیے پروموشن کمیٹیوں کی ازسرنو تشکیل کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ہاکی کے فروغ کے لئے جوہر ٹاؤن کے ہاکی سٹیڈیم کا انتظام نجی شعبے کے سپرد کے لئے ضروری اقدامات کی منظوری دی گئی،ٹیپاکے لیے پروموشن کمیٹیوں کی ازسرنو تشکیل کی منظوری دی گئی،پنجاب سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کو لاہور گلوبل ویلج لیزپر دینے کی منظوری دی گئی،لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دائرہ کارمیں واقع غیر قانونی طورپر زمین کے کمرشل استعمال پر جرمانہ عائد کرنے کی منظوری بھی دیدی گئی۔
جلاس میں لاہور کی 9سڑکوں کی کمرشلائزیشن کے لئے کنسلٹنٹ سروسز حاصل کرنے کی منظوری ٹرانسپورٹیشن زون میں پٹرول پمپ،فریٹ ٹرمینل کی اجازت کے لئے ایل ڈی اے یوز رول 2020میں ترامیم کی منظوری دی گئی،اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات واطلاعات عامر میر، صوبائی مشیر کھیل وہاب ریاض، سیکرٹریز ہاؤسنگ، خزانہ، بلدیات،تعمیرات و مواصلات اورایل ڈی اے اتھارٹی کے بورڈ اراکین نے شرکت کی۔