پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار علی عظمت نے اپنے مشہور زمانہ گیت “جذبہ جنون” سے متعلق تہلکہ خیز انکشاف کرکے مداحوں کو حیران کردیا۔
حال ہی میں گلوکار علی عظمت نے پاکستن کے لیجنڈ کرکٹر شعیب اختر کے ٹاک شو میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے گیت “جذبہ جنون” سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔
اس پروگرام کا ایک مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں علی عظمت نے پاکستان کی میوزک انڈسٹری کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ “ہماری میوزک انڈسٹری کو کسی کی سپورٹ حاصل نہیں ہے، یہ اب بھی ایک کاٹیج انڈسٹری ہے”۔
علی عظمت نے کہا کہ “پاکستانی گلوکار و موسیقار تو وہ ہیں جو اپنے گھروں میں بیٹھ کر میوزک ریکارڈ کرتے ہیں کیونکہ کسی کی کوئی سپورٹ ہی نہیں ہے”۔
پروگرام میں اپنے مقبول ترین گانوں سے متعلق حیران کُن انکشاف کرتے ہوئے علی عظمت نے کہا ک “ہم نے کراچی کے طارق روڈ پر ایک معمولی سے اسٹوڈیو کے باتھ روم میں گانا “سیونی” اور “جذبہ جنون” ریکارڈ کیا تھا”۔
علی عظمت نے مزید کہا کہ “اُس چھوٹے سے باتھ روم کو گتوں کی مدد سے ڈھکا ہوا تھا، بدبو کی وجہ سے سانس روک ریکارڈنگ کرنی پڑی، ہم نے بڑی مشکل سے ان مشہور گانوں کی آواز ریکادڑ کی”۔
واضح رہے کہ جنون بینڈ کا 1996ء میں ورلڈ کپ کے موقع پر گایا ہوا گیت ’جذبہ جنون‘ اُس دور کا مقبول ترین گیت سمجھا جاتا تھا جوکہ آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہے۔
جنون بینڈ نے اپنے کیریئر میں سیونی، جذبہ جنون، یار بنا دل میرا نہیں لگدا، گھوم تانا اور گرج برس جیسے کئی مشہور گیت گائے تاہم 2008ء میں یہ بینڈ متحد نہ رہ سکا اور ٹوٹ گیا۔