ممبئی: بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار اور بِگ بی کے نام سے مشہور امیتابھ بچن نے کہا ہے کہ اُنہیں دُنیا کی ہر عورت خوبصورت لگتی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن کے مقبول ترین گیم شو ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ کے 15ویں سیزن کی حالیہ قسط میں پانچویں جماعت کے طالب علم نے اپنی بہن کے ہمراہ بطورِ کنٹسٹنٹ شرکت کی۔
کنٹسٹنٹ کی بہن نے امیتابھ بچن سے کہا کہ “سر! بہت سی لڑکیاں میرے بھائی کو پسند کرتی ہیں”، جس پر امیتابھ بچن نے کنٹسٹنٹ کو مذاق میں تنگ کرنا شروع کردیا۔
اس سوال کے جواب میں امیتابھ بچن نے کہا کہ “دُنیا کی ہر عورت پر میرا کرش (دل آجاتا ہے) ہوتا ہے کیونکہ مجھے دُنیا کی ہر عورت خوبصورت لگتی ہے”۔
امیتابھ بچن نے مزید کہا کہ “اس شو میں موجود ہر عورت پر بھی میرا کرش ہے جبکہ تمام مرد میرے دوست ہیں”۔
واضح رہے کہ ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ بھارتی ٹیلی ویژن کا مقبول ترین گیم شو ہے جو گزشتہ 23 برس سے ٹی وی پر نشر کیا جارہا ہے۔
اس گیم شو کی میزبانی ابتدا ہی سے بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کرتے آرہے ہیں سوائے 2007 میں آن ایئر ہونے والے تیسرے سیزن کے جس کی میزبانی سپر اسٹار شاہ رخ خان نے کی تھی۔
امیتابھ بچن کا گیم شو ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ پیر سے جمعے تک روزانہ رات 9 بچے بھارتی چینل سونی ٹی وی پر نشر کیا جاتا ہے۔