لاہور میں بڑھتی ہوئی اسموگ کی روک تھام کے اقدامات کے سلسلے میں لاہور میں مصنوعی بارش کرنے پر 35 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
نگراں وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ کلاؤڈ سیڈنگ مصنوعی بارش برسانے میں سب سے تیز ٹیکنالوجی ہے۔ چین سے بات ہو گئی ہے، جلد چینی ماہرین پاکستان آئیں گے۔
عامر میر کا کہنا تھا کہ نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی کوشش ہے کہ رواں سال ہی مصنوعی بارش کا تجربہ کیا جائے۔اس حوالے سے وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق سیکریٹری خزانہ کی بھجوائی گئی سمری نگراں وزیراعلی کی اجازت سے مشروط ہوگی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل چیف میٹرولوجسٹ محکمہ موسمیات چوہدری اسلم نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ مصنوعی بارش کیلئے بادلوں کی ایک خاص قسم پر اسپرے کیا جاتا ہے، اسپرے کر کچھ دیر بعد مصنوعی بارش ہوتی ہے۔
چوہدری اسلم کے مطابق مصنوعی بارش کا دورانیہ 45 منٹ یا اس سے زیادہ بھی ہوسکتا ہے، مصنوعی بارش سے اسموگ پر بہت فرق پڑے گا۔