فیصل آباد: پنجاب حکومت نے محکمہ واٹر سپلائی کے منصوبوں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے لئے واسا کی میجمنٹ کو بہتر بنانے کے لیے فیصل آباد کے افسران تربیتی پروگرام میں شرکت کیلئے جاپان جائین گے۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری سے جائیکا (جاپان)کے ماہرین کے وفد نے ملاقات کی اور واسا کے فنی و انتظامی امور میں جدت لانے کے امور پر تبادلہ خیالات کیا۔
جائیکا کے ماہرین کے وفد میں مسٹر ڈیراکو، مسٹرٹاکاٹوئی اور مسٹر ہوسلوٹانی شامل تھے جبکہ جائیکا کنسلٹنٹ سید سلطان اعظم بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے وفد کے ارکان کا خیر مقدم کرتے ہوئے واسا کے ترقیاتی منصوبوں اور واٹر سپلائی کے نظام کوجدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے جائیکا کی قابل قدرمعاونت کو سراہا اور کہا کہ شہریوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے واسا پرعزم ہے اس سلسلے میں بین الاقوامی معیار کے مطابق واٹر سپلائی کے منصوبوں میں وسعت اور واسا کے سروس ایریا میں توسیع کیلئے کوشاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ واسا افسران اور اسٹاف کی انتظامی وفنی صلاحیتوں اوراستعداد کارمیں اضافہ کرنے کیلئے تربیتی پروگرام میں جائیکا کے گرانقدر تعاون کابھرپور فائدہ اٹھائیں گے تاکہ واسا کے منصوبوں کو مکمل ماہرانہ انداز میں کامیابی سے چلایا جاسکے۔
جائیکا کے ماہرین نے بتایا کہ مرحلہ وار پروگرام کے تحت واسا کے افسران واسٹاف کی فنی وانتظامی تربیت کا پروگرام جاری ہے اس سلسلے میں عنقریب واسا کے افسران کو تربیتی پروگرام میں شرکت کیلئے جاپان مدعو کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جدید تقاضوں کے مطابق فنانشیل مینجمنٹ سسٹم، ہیومن رسیورسز سسٹم،ڈیجیٹائزیشن اور دیگر تکینکی وفنی امور میں ٹریننگ کی فراہمی کا پروگرام مرتب کیا گیا ہے جبکہ واٹر سپلائی کے منصوبوں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے لئے واسا کی مینجمنٹ کو بہتر بنانے میں مزید تکنیکی معاونت فراہم کی جائیگی۔