بھارت کی مقبول ٹیلی ویژن اسٹار انکیتا لوکھنڈے پر ان کی ساس بیٹے پر آن اسکرین چپل پھینکنے پر برس پڑیں۔
بگ باس 17 کی 42ویں قسط میں انکیتا لوکھنڈے کی والدہ وندنا لوکھنڈے اور وکاس (وکی) جین کی والدہ رنجنا جین کو شو میں لایا گیا تاکہ میاں بیوی کے درمیان بڑھتی تلخیوں کو کم کیا جاسکے۔
دونوں کی والدہ کو بچوں کے ساتھ گفتگو کرتے آج یعنی 43ویں قسط میں دکھایا جائے گا۔
اس قسط کا پرومو چینل نے سوشل میڈیا پر جاری کیا جس میں انکیتا کی ساس بیٹے پر چپل پھینکنے پر بہو کی سرزنش کر رہی ہیں۔
وکی جین کی والدہ جب اسکرین پر نمودار ہوئیں اور اپنے بیٹے اور بہو سے متعلق بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ تمہاری لڑائی گھر میں کبھی نہیں ہوئی، بتاؤ انکیتا پیر مار رہی ہے اور چپل پھینک رہی ہے۔
جب وکی جین اپنی والدہ کو دیکھ کر رونے لگتے ہیں تو اس موقع پر انکیتا لوکھنڈے اپنی ساس سے کہتی ہیں کہ میں ہوں نا، میں ان کو سنبھال لوں گی جس کے جواب میں وکی کی والدہ بولیں ’نہیں، نہیں سنبھال رہیں‘۔
دوسری جانب انکیتا کی والدہ کہتی ہیں کہ وکی تم تو بہت مضبوط ہو، تم دونوں روز آدھا گھنٹہ کم سے کم ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھا کرو، بات کیا کرو، ہم چاہتے ہیں تم لوگ جب یہاں سے باہر آؤ تو لوگ تعریفی انداز میں کہیں یہ جوڑی ہے۔
واضح رہے کہ بگ باس کے سیزن 17 میں انکیتا اور وکی میں خاصی لڑائی جھگڑے ہو رہے ہیں، ایک قسط میں انکیتا نے وکی کو بات نہ سننے پر چپل دے ماری تھی جس کے بعد اداکارہ پر سوشل میڈیا پر کافی تنقید بھی ہوئی تھی۔