خیبر پختون خوا کے ضلع بنوں کے کنٹونمنٹ بورڈ کے نوجوان چیف ایگزیکٹیو افسر بلال پاشا نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر خود کشی کرلی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پہنچ گئی۔ بلال پاشا کی لاش سی ایم ایچ بنوں منتقل کر دی گئی جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔ ان کی خودکشی کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی ہے۔
بلال احمد پاشا کا تعلق خانیوال کے علاقہ عبدالحکیم سے تھا۔ انہوں نے سی ایس ایس 47ویں کامن گروپ سے کیا تھا۔ وہ ایک خوش مزاج افسر تھے جو دوسرے کے کام آتے تھے اور ان میں سرکاری افسری کی رعونت اور تکبر نہیں تھا۔
ان کا یوٹیوب چینل بھی ہے جس پر وہ آن لائن پڑھاتے تھے اور سی ایس ایس کی تیاری کرواتے تھے۔ ان کی ناگہانی موت ان کے شاگردوں اور دوست و احباب سب کے لیے حیرت اور صدمے کا باعث بنی ہوئی ہے۔