سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر نے اگلے سال ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان فائنل دیکھنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
حالیہ انٹرویو کے دوران سابق بھارتی کرکٹر و کمنٹیٹر گوتم گمبھیر نے کہا کہ کرکٹ کے مقابلے میں ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ پاکستان اگر میچ ہار جائے تو ہندوستانی مداح خوشی منائیں یا بھارت ہارے تو پاکستانی خوشی سے نہال نظر آئیں۔
سوشل میڈیا پر مداحوں کے رویے پر سابق کرکٹر نے کہا کہ وہ دوسروں کی ناکامی سے اطمینان حاصل کرنے کے بجائے اپنی ٹیم کی کامیابی میں خوشی تلاش کریں، کسی اور کی شکست کا جشن منانا بے معنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں بھارت اور پاکستان ایک دوسرے کے خلاف فائنل کھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
واضح رہے کہ سال 2024 ٹی20 ورلڈکپ 4 سے 30 جون تک امریکا اور ویسٹ انڈیز میں کھیلا جائے گا، یہ پہلی بار ہوگا امریکا کسی آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کررہا ہو۔