لاہور:پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کاکہنا ہے کہ نوجوانوں اور اقلیتوں کو سیاست کی اولین صفوں میں لانا چاہتے ہیں، ان کے کردار میں بتدریج اضافہ کریں گے۔نوجوان ملک کا سرمايہ ہیں۔
مریم نواز کے زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن (ایم ایس ایف) اور مینارٹی ونگ کے عہدیداروں اور کارکنوں نے شرکت کی۔مریم نواز نے اجلاس میں خطاب میں کہاکہ نوجوانوں اور اقلیتوں کو سیاست کی اولین صفوں میں لانا چاہتے ہیں، ان کے کردار میں بتدریج اضافہ کریں گے۔نوجوان ملک کا سرمايہ ہیں۔مسلم لیگ ن کے اجلاس میں ملک بھر میں انتخابی سرگرمیاں تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا، وفاق سمیت چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں نوجوانوں کو متحرک کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قائد نواز شریف چاہتے ہیں کہ نوجوان عام انتخابات میں سیاسی سرگرمیوں کا ہراول دستہ بنیں، نوجوان مستقبل کی قیادت ہیں، انتخابی سرگرمیوں میں اقلیتوں کے فعال کردار سے جمہوری کلچر مزید مضبوط ہو گا۔اس اجلاس میں 8 فروری کے عام انتخابات کے حوالے سے ایم ایس ایف اور مینارٹی ونگ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور ایم ایس ایف اور مینارٹی ونگ کی کارکردگی پر اطمينان کا اظہار کیا گیا، اجلاس میں عام انتخابات میں نوجوانوں اور مینارٹی ونگ کی بھرپور شرکت اور شمولیت کو یقینی بنانے کی تاکید کی گئی۔
ایم ایس ایف اور مینارٹی ونگ نے سیاسی مواقع بڑھانے اور پارٹی سرپرستی پر مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا، عہدیداروں نے کہا کہ پارٹی کے اعتماد پر پورا اتریں گے، پاکستان کی ترقی کے مشن میں قائد نواز شریف کے سپاہی بن کر کام کریں گے۔