آسٹریلیا کے آل راؤنڈر گلین میکسویل نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 4 سنچریاں سکور کرکے روہت شرما کا سب سے زیادہ سنچریوں کا ورلڈ ریکارڈ برابر کردیا۔
میکسویل نے بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں طوفانی بیٹنگ کرکے بھارت کا افغانستان جیسا حال کر دیا۔
میکسویل نے یہ کارنامہ گزشتہ روز بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاندار سنچری سکور کرکے حاصل کیا۔ میکسویل سے قبل ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھارتی کپتان روہت شرما کے پاس تھا، جنہوں نے 140 اننگز میں 4 سنچریاں سکور کیں جبکہ میکسویل نے 100 میچوں کی 92 اننگز میں یہ کارنامہ سرانجام دیا۔بھارت کے سوریا کمار یادیو نے 53 اننگز اور پاکستان ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم نے 98 اننگز میں تین،تین سنچریاں بنا رکھی ہیں۔
واضح رہے کہ گلین میکسویل کی طوفانی سنچری کی بدولت آسٹریلیا نے بھارت کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد 5وکٹوں سے شکست دے دی، بھارت کا 223 رنز کا بڑا ہدف کینگروز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری بال پر 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
میکسویل اور میتھیوویڈ نے آخری دو اوورز میں 43رنز بنا کر بھارت کی یقینی فتح کو شکست میں بدل دیا، میکسویل 48 بالوں پر 104 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔