شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نمرہ خان نے نشے سے متعلق افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک تہجد گُزار خاتون ہیں، اُنہوں نے کبھی بھی کسی قسم کا کوئی نشہ نہیں کیا۔
حال ہی میں نمرہ خان نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے ماضی میں ہونے والے اپنے خوفناک کار حادثے سے متعلق کُھل کر بات چیت کی۔
پوڈکاسٹ کے میزبان نے نمرہ خان سے سوال کیا کہ “2014 میں جب آپ کی گاڑی کو خطرناک حادثہ پیش آیا تو اُس وقت یہ خبر سامنے آئی تھی کہ آپ نشہ کرکے گاڑی چلا رہی تھیں جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا، کیا یہ سچ ہے؟”
اس سوال کے جواب میں نمرہ خان نے کہا کہ “اس خبر میں کوئی سچائی نہیں ہے، دراصل! میری نیند پوری نہیں تھی جس کی وجہ سے گاڑی چلاتے ہوئے بیہوش ہوگئی تھی، مجھے نہیں معلوم تھا کہ میری گاڑی کہاں جارہی ہے اور 180 کی رفتار سے میری گاڑی فوجیوں کی جیپ سے ٹکرائی تھی”۔
نمرہ خان نے کہا کہ “گاڑی کا اسٹیئرنگ میرے سینے میں گھس گیا تھا جیس کی وجہ سے میرا جگر بُری طرح متاثر ہوا تھا جبکہ میرے سر کے اندر شیشہ گُھس گیا تھا جس کی وجہ سے دماغ میں بھی شدید چوٹیں آئیں”۔
اداکارہ نے کہا کہ “میری دائیں ٹانگ پانچ جگہوں سے ٹوٹ چکی تھی اور ٹانگ سے گوشت کا بڑا ٹکڑا بھی الگ ہوگیا تھا جبکہ ڈاکٹرز نے پہلے ہی میرے والدین سے کہہ دیا تھا کہ اگر آپریشن کے دوران، ان کی زندگی بچ بھی گئی تھی تو یہ ہمیشہ کے لیے کوما میں چلی جائیں گی”۔
اُنہوں نے کہا کہ “اس دوران، جس نے میری زندگی بچائی وہ صدقہ تھا، میں نے حادثے سے پہلے صدقہ دیا تھا اور اُسی صدقے کی وجہ سے، آج میں زندہ اور بالکل ٹھیک ہوں”۔
نمرہ خان نے شراب نوشی سے متعلق گردش خبروں پر کہا کہ “جب یہ حادثہ پیش آیا تو میرا شراب نوشی کا ٹیسٹ بھی کیا گیا تھا کیونکہ پولیس کو شک تھا کہ شاید نشے کی وجہ سے حادثہ ہوا”۔
اداکارہ نے کہا کہ “شراب نوشی کا ٹیسٹ منفی آیا تھا، الحمدللہ! میں تہجد گزار ہوں، میں نے کبھی نشہ نہیں کیا، شراب نوشی سے متعلق تمام خبریں بےبنیاد اور جھوٹی ہیں”۔
واضح رہے کہ سال 2014 میں نمرہ خان کی گاڑی کو اسلام آباد کے قریب خطرناک حادثہ پیش آیا تھا جس کے بعد وہ چار دن تک وینٹی لیٹر پر رہی تھیں جبکہ آپریشن کے بعد وہ 19 دن تک کوما میں رہی تھیں۔