لاہور: اسموگ کی صورتحال میں بہتری آںے پر نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اہم فیصلے کیے ہیں۔
نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد اسموگ کا اجلاس ہوا جس میں اسموگ کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ماہرین ماحولیات اور صحت نے اسموگ میں کمی اور اسموگ کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے تجاویز پیش کیں۔
نگراں وزیراعلیٰ کے مطابق تعلیمی ادارے کل بروز ہفتہ بند رہیں گے جبکہ مارکیٹیں، بازار اور کاروباری ادارے کل اور پرسوں معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ ریسٹورنٹس اور دیگر بزنس ہاؤسز بھی معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
نگراں وزیراعلیٰ نے سڑکوں کی صفائی اور پانی کے چھڑکاؤ کا عمل بدستور جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف موثر کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ٹائر جلانے والی فیکٹریوں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے، اسموگ میں کمی کے لیے جو کچھ انسانی بس میں ہے وہ اقدام اٹھا رہے ہیں اور پوری کوشش ہے کہ ایئرکوالٹی انڈیکس کم سے کم رہے۔
صوبائی وزراء، ایس ایم تنویر، ڈاکٹر جاوید اکرم، منصور قادر،عامر میر، اظفر علی ناصر، ابراہیم حسن مراد، بلال افضل، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔