قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم نے انکشاف کیا ہے کہ اںٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ذاتی وجوہات اور ذہنی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا۔
یوٹیوب پر مقامی اسپورٹس چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق آل راؤنڈر عماد وسیم نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کے وقت ذہنی تناؤ کا شکار تھا، اگر صحیح ہوتا تو یہ فیصلہ کبھی نہ کرتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی معروف فرنچائز کراچی کنگز سے میری 8 سالہ وابستگی رہی، عماد نے اونر سلمان اقبال کی جانب سے ملنے والے تعاون کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کیلئے ہمیشہ نیک خواہشات ہیں۔
عماد وسیم نے کہا کہ لیگ کرکٹ میں پرانی فرنچائز کو چھوڑنا، نئی جوائن کرنا یا پچھلی فرنچائز میں واپس آنا سب فرنچائز ٹریڈ کا حصہ ہے۔ آخری فیصلہ فرنچائز کا ہوتا ہے، ہمارے پاس صرف ہاں یا نہ کہنے کا فیصلہ ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 5 کے فاتح کپتان عماد وسیم نے پلاٹینم کیٹیگری میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو جوائن کیا تھا جبکہ حسن علی (ڈائمنڈ کیٹیگری) کو کراچی کنگز میں منتقل کیا گیا تھا۔