ممبئی: بالی ووڈ سُپر اسٹار رنبیر کپور کی میگا تھرلر ایکشن فلم ’انیمل‘ نے ریلیز کے پہلے دن 100 کروڑ سے زائد کا بزنس کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سندیپ ریڈی وانگا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’انیمل‘ گزشتہ روز بھارت سمیت دُنیا بھر میں ریلیز کی گئی تھی جس نے باکس آفس پر دھوم مچا دی ہے۔
اس حوالے سے ’انیمل‘ کے فلمسازوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس ( سابق ٹوئٹر) پر فلم کی کامیابی مداحوں کے سات شیئر کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ فلم ’انیمل‘ کی شاندار کامیابی پر رنبیر کپور، رشمیکا مندانا، بوبی دیول اور انیل کپور سمیت پوری ٹیم بہت خوش ہے۔
یاد رہے کہ ’انیمل‘ کی ریلیز سے قبل یہ اندازہ لگایا جارہا تھا کہ ریلیز کے پہلے دن ہی یہ فلم باکس آفس پر 100 کروڑ کا بزنس کرسکتی ہے جس میں سے تقریباً 60 کروڑ روپے صرف بھارت سے ملنے کا امکان ہوگا۔
واضح رہے کہ ’انیمل‘ میں رنبیر کپور کے مقابلے میں بوبی دیول ولن کا کردار ادا کررہے ہیں جبکہ رشمیکا مندانا نے فلم میں خاتون اداکارہ کا مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
اس کے علاوہ انیل کپور نے ’انیمل‘ میں رنبیر کپور کے والد کا کردار نبھایا ہے، فلم کو یکم دسمبر کو پوری دنیا میں پانچ زبانوں ہندی، تیلگو، تامل، کناڈا اور ملیالم میں ریلیز کیا گیا تھا۔
مداحوں کو فلم ’انیمل‘ کا بےصبری سے انتظار تھا کیونکہ اس فلم کے سنسنی خیز ٹریلر نے ریلیز سے قبل ہی رنبیر کپور کے کردار کی دہشت پھیلا رکھی تھی، ٹریلر میں رنبیر کپور کو بےرحمی سے قتل کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔