کراچی: نامور ٹی وی شو میزبان اور اسکالر مرحوم عامر لیاقت حسین کی سابقہ اہلیہ اور اداکارہ طوبیٰ انور کو سوشل میڈیا صارفین نے آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اُنہیں دھوکے باز قرار دے دیا۔
حال ہی میں طوبیٰ انور نے شئستہ لودھی کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جس کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں اداکارہ میاں بیوی کے تعلقات کے حوالے سے بات کررہی ہیں۔
طوبیٰ انور نے کہا کہ “بہت سی خواتین اور مرد حضرات بھی اپنی زندگی میں یہ فیصلہ نہیں کرپاتے کہ اگر اُن کا اپنے جیون ساتھی کے ساتھ کامیاب رشتہ نہیں بن رہا تو وہ اس سے کیسے نکلیں”۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ “میرا ماننا یہ ہے کہ اگر میاں بیوی کے درمیان قائم رشتہ کامیاب نہیں ہورہا تو عزت کے ساتھ راہیں جُدا کرلیں، بنسبت اس کے کہ آپ اپنے خراب رشتے کی وجہ سے اپنی اور دوسری کی ذہنی صحت خراب کریں”۔
پوڈ کاسٹ کی اس وائرل ویڈیو کلپ پر سوشل میڈیا صارفین نے طوبیٰ انور کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، صارفین نے کہا کہ “آپ نے کسی کے گھر میں گُھس کر اُن کے باپ اور کسی کے شوہر کو چھینا تھا”۔
ایک صارف نے کہا کہ “طوبیٰ انور نے شوبز انڈسٹری میں آنے کے لیے عامر لیاقت حسین کا استعمال کیا”۔
انعم نامی صارف نے کہا کہ “یہ چاہے کتنی بھی اچھی باتیں کرلیں پھر بھی دھوکے باز ہی لگیں گی، شہرت کی خاطر عامر لیاقت حسین سے شادی کی”۔
ایک صارف نے کہا کہ “جو عورت خود کسی کا استعمال کرکے شہرت کی بلندیوں پر پہنچی ہو، اُس کے منہ سے ایسی باتیں اچھی نہیں لگتی، اس زہریلی عورت نے شہرت کے لیے عامر لیاقت کا نام استعمال کیا”۔
وقار نامی صارف نے کہا کہ “طوبیٰ نے ایک خوشحال فیملی کو توڑا، کسی کا بسا بسایا گھر خراب کیا، عامر لیاقت سے شادی کی اور پھر اُنہیں بھی چھوڑ دیا”۔
یاد رہے کہ طوبیٰ انور نے سال 2018 میں خاموشی سے مرحوم عامر لیاقت سے شادی کی تھی، شادی کے بعد طوبیٰ نے اداکاری کی دُنیا میں قدم رکھ لیا تھا لیکن سال 2022 میں اُنہوں نے مرحوم عامر لیاقت سے خلع لے لی تھی۔
طوبیٰ انور سے خلع کے چند ہفتوں کے بعد عامر لیاقت حسین نے دانیہ ملک نامی لڑکی سے تیسری شادی کرلی تھی، اُن کی پہلی شادی ڈاکٹر بشریٰ سے ہوئی تھی جن سے اُن کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔
عامر لیاقت حسین نے اپنی پہلی بیوی ڈاکٹر بشریٰ کو سال 2020 میں طلاق دے دی تھی جبکہ 9 جون 2022 کی دوپہر کو عامر لیاقت حسین کراچی میں اپنے گھر میں مردہ پائے گئے تھے انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے انتقال کی تصدیق کی گئی تھی۔