کراچی: محکمہ ثقافت سندھ نے تالپورحکمرانوں کی یادگاراورتاریخی قلعہ کوٹ ڈیجی سے لاپتا 6 توپوں کا سراغ لگالیا، توپوں کی واپسی مرحلہ وار ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق تاریخی قلعہ کوٹ ڈیجی خیرپورسے یہ توپیں 30 سال سے لاپتا تھیں، محکمہ ثقافت سندھ نے انتھک کوششوں سے پتا لگایا توانکشاف ہوا کہ 2 توپیں خیرپور پولیس لائن،2 توپیں ڈپٹی کمشنرہاؤس خیرپور،1 مریم چوک خیرپورایس ایس پی آفس اورایک ببرلوپولیس اسٹیشن میں کھڑی ہے۔
محکمہ ثقافت نے بعد میں تاریخی توپوں کی واپسی کیلیے پولیس اور انتظامیہ سے رابطہ کیا، نگراں وزیرثقافت سندھ ڈاکٹرجنید علی شاہ نے بتایا کہ آئی جی پولیس سندھ رفعت مختارنے ملاقات میں فوری طورپرتوپوں کی واپسی کے لیے اقدامات کیے اوراحکامات جاری کیے جس کی بدولت خیرپور پولیس لائن سے 2 توپیں محکمہ ثقافت نے اپنی تحویل میں لےلی ہیں۔
نگراں وزیرثقافت سندھ ڈاکٹرجنید علی شاہ نے توپوں کی واپسی کے لیے اقدامات کرنے پرآئی جی سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ توپوں کی عدم موجودگی قلعہ کی تاریخی حیثیت کو متاثرکررہی تھی۔
نگراں وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ کے تاریخی مقامات ہمارا قومی اثاثہ ہیں جن کی حفاظت اوردیکھ بھال کوہرصورت یقینی بنایاجائے گا۔