لاہور: مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت کے گھر پہنچ گئے، جہاں دونوں رہنماؤں کے مابین انتخابات میں باہمی تعاون پر بات چیت ہوئی۔
چوہدری شجاعت حسین کے ساتھ تقریباً 15 سال بعد ہونے والی ملاقات میں نواز شریف کے ساتھ شہباز شریف، مریم نواز، رانا ثنا اللہ، سعد رفیق، سردار ایاز صادق، اعظم نذیر تارڑ اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ق لیگ کے رہنماؤں نے مہمانوں کا استقبال کیا۔
ملاقات میں مسلم لیگ ق کی جانب سے سالک حسین، شافع حسین، طارق بشیر چیمہ اور امتیاز رانجھا بھی شریک تھے۔ چوہدری شجاعت حسین نے نواز شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں کے مابین آئندہ عام انتخابات میں باہمی تعاون پر بات چیت کی گئی۔ علاوہ ازیں ن لیگ کی جانب سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے بھی مسلم لیگ ق کو سیٹوں کی تعداد کے حوالے سے پیش کش کیے جانے کی توقع ہے۔
مسلم لیگ ق نے اس اہم ملاقات کے بعد اپنی پارٹی قیادت کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں ملاقات کے حوالے سے رہنماؤں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔