اتر پردیش: بھارتی ڈراما انڈسٹری کے معروف اداکار بھوپندر سنگھ نے درختوں کی کٹائی کے تنازع پر فائرنگ کرکے اپنے پڑوسی کو قتل اور دیگر تین افراد کو شدید زخمی کردیا جس کے بعد اداکار کو گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ اداکار بھوپندر سنگھ اور اُن کے پڑوسی گردیپ سنگھ کے درمیان درختوں کی کٹائی پر جھگڑا ہوا تھا جس کی شکایت گردیپ سنگھ نے 19 نومبر کو پولیس اسٹیشن میں درج کروائی تھی لیکن پولیس نے اُن کی شکایت پر کوئی کارروائی نہیں کی تھی۔
اب حال ہی میں اداکار بھوپندر سنگھ اور اُن کے پڑوسی کے درمیان ایک بار پھر درختوں کی کٹائی پر جھگڑا ہوا، جس کے بعد اداکار اور اُن کے ساتھیوں نے پڑوسی کے خاندان پر فائرنگ شروع کردی۔
اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اداکار بھوپندر سنگھ اور اُن کے ایک ساتھی کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دیگر دو ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
واضح رہے کہ بھوپندر سنگھ نے کئی بھارتی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جن میں ‘یہ پیار نہ ہوگا کم’، ‘ایک حسینہ تھی’، ‘مدھوبالا’، ‘اِک عشق اِک جنون’، ‘تیرے شہر میں’ سمیت دیگر ڈرامے شامل ہیں، ڈراموں کے علاوہ اُنہوں نے چند فلموں میں بھی کام کیا ہے۔