مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو اٹھارہویں ترمیم کی بنیاد پر الیکشن سلوگن بنانےکی تلاش میں ہیں، سیاست ہو یا کاروبار، زندگی نہ بزرگ چلاسکتے ہیں نہ نوجوان، یہ مکس میچ ہوتا ہے۔
گزشتہ چند روز سے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے بیانات میں بزرگ سیاستدانوں کو سیاست سے الگ ہونے کا مشورہ دے رہے ہیں جس میں انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو بھی ہدف تنقید بناتے ہوئے گھر بیٹھنے کا مشورہ دیا۔
جھنگ سے مختلف سیاسی رہنماؤں کی ن لیگ میں شمولیت کے موقع پر لاہور ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے بلاول بھٹو کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی معاملہ صرف بزرگ یا صرف نوجوان نہیں چلا سکتے، مل جل کر کام چلانا ہوتا ہے ۔ یہی مناسب ہوتا ہے کہ نوجوان بتدریج آگے بڑھیں۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ہم تو 8فروری کے الیکشن کیلئے تیار ہیں، گوہر خان کو چاہیے اپنی پارٹی کو الیکشن میں لے کر جائیں، 9 مئی کے مجرمان کو قانون کا سامنا کرنے دیں، پی ٹی آئی 9 مئی کے کرداروں کا تحفظ نہ کرے۔
اس کے علاوہ انہوں نے کہاکہ 21 اکتوبر کو نوازشریف نے یہ عہد کیا تھا کہ ملک کو بحران سے نکالیں گے،ہم نے پہلے بھی ملک کو ایسے بحرانوں سے نکالا ہے اب بھی نکالیں گے، ملک قائم رہنے کیلئے بنا ہے،قیامت تک قائم رہے گا۔
جھنگ ضلع کے این اے 110سے مولانا آصف معاویہ ، بابر سیال، پی پی 125 سے نیلم سیال، پی پی 129 سے خالد غنی، پی پی 131 سے فیصل حیات جبوانہ، پی پی 267 سے رئیس محمد ابراہیم، این اے 189 سے سردار ریاض خان اور پی پی 297 سے دوست محمد خان مزاری نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔