: سابق وزیراعظم عمران خان کی 5 سالہ نا اہلی کے خلاف درخواست کو سماعت کے لیے لاہور ہائی کورٹ کے لارجر بینچ کو بھیج دیا گیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شجاعت علی نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی کے خلاف درخواست پر سماعت کی، اس موقع پر عمران خان کی جانب سے کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر عدالت پیش ہوئے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن نے 8 اگست 2023 کو پانچ سال کے لیے بطور رکن اسمبلی نااہل کیا، کمیشن نے درخواست گزار کو انتخابات سے باہر کرنے کے لیے غیر قانونی قدام کیا۔
دائر درخواست میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوچکا اور درخواست گزار الیکشن میں حصہ لینا چاہتا ہے، ان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت پانچ برس کی نااہلی کو کالعدم قرار دے اور درخواست کے حتمی فیصلے تک نااہلی کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے۔
بعد ازاں جسٹس شجاعت علی نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی نااہلی کے خلاف درخواست کو سماعت کے لیے لارجر بینچ کو بجھوا دی۔