اسلام آباد: ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے خلاف صدارتی ریفرنس کے معاملے میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کیس کی لائیو ٹیلی کاسٹ کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
درخواست بلاول بھٹو کی جانب سے ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے دائر کی۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ صدارتی ریفرنس میرے والد آصف زرداری کی جانب سے دائر کیا گیا لہٰذا کیس کی سماعت براہ راست دکھائی جائے۔ عدالتی نظام پر لگے اس دھبے کو ختم کرنے کے لیے ضروری ہے ریفرنس کی کارروائی براہ راست دکھائی جائے۔
موقف اپنایا گیا کہ بھٹو نے تمام عمر قانون کی حکمرانی کی جدوجہد کی، بھٹو کو پھانسی دینا پورے عدالتی نظام پر دھبہ ہے، عدالتی کارروائی پورے پاکستان کو دیکھنی چاہیے تاکہ شفافیت آئے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں کل ذوالفقار بھٹو کیس سماعت کے لیے مقرر ہے۔