لاہور: پاکستانی سینماؤں کی زینت بننے والی پاکستانی اور بھارتی پنجابی فنکاروں پر مشتمل بین الاقوامی پنجابی فلم ’موجاں ای موجاں‘ کا لاہور، کراچی، اسلام آباد سمیت ملک بھر میں بہترین بزنس جاری ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجابی فلم نے اب تک پاکستانی مارکیٹ میں چھ کروڑ سے زائد کما لئے ہیں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ فلم کے بزنس میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
20 اکتوبر کو ریلیز ہونے والی فلم ابھی تک ویک اینڈ پر سینماؤں میں خصوصی رش سمیٹ رہی ہے اور یہ معیاری تفریح سے بھرپور فیملی فلم ہے۔
’موجاں ای موجاں‘ میں اسٹار کامیڈین گپی گریول، بنوں ڈھلوں، کرم جیت کے ساتھ پاکستانی اسٹار کامیڈین ناصر چنیوٹی نے بھی اہم کردار کیا ہے جسے شائقین نے خاص طور پر سراہا ہے۔
آئی ایم جی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ عابد رشید نے کہا کہ ’موجاں ای موجاں‘ رواں برس کی سپر ہٹ فلم ’کیری آن جٹا تھری‘ کی طرز پر بزنس کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بہترین کہانی، عمدہ موسیقی اور سماجی پیغام سے بھرپور مکمل تفریحی فلم سے شائقین خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔