Trending Now

فیکٹ چیک :گھریلو صارفین کو دن میں صرف تین بار گیس ملے گی؟

SNGPL اور SSGC نے اس بات کی تردید کی ہے کہ اس موسم سرما میں گیس کی فراہمی کے لیے کوئی بھی نئے اوقات کارجاری کئے گئے ہیں۔

  • فیس بک پر توجہ حاصل کرنے والی پوسٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان کو اس موسم سرما میں گیس کی شدید لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑے گاکیونکہ قدرتی گیس دن میں صرف آٹھ گھنٹے ہی دستیاب ہوگی۔

حکومتی کمپنی سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے لوگو والی ایک تصویر بھی وائرل ہو رہی ہےجس کا مقصد گھریلو صارفین کے لئےقدرتی گیس کی فراہمی کے نئے اوقات کار بتانا ہے۔

دعویٰ غلط ہے۔

دعویٰ

17 نومبر کو ایک فیس بک صارف نے اس عنوان کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی کہ ”سوئی ناردرن گیس پائپ لائن کی طرف سے شیڈول تبدیل کر دیا گیا ہے ،موسم سرما میں اس شیڈول کے مطابق گیس ملے گی ۔“

تصویر کے مطابق، قدرتی گیس گھریلو صارفین کو صبح 6 بجے سے صبح 9 بجے، 11:30بجے سے دوپہر 1:30بجے تک اور شام 5:30 بجے سےرات 8:30بجےتک فراہم کی جائے گی۔

اس آرٹیکل کی تحریر کے وقت تک اس پوسٹ کو 17 بار شیئر کیا گیا اور 10 بار لائک کیا گیا تھا۔

حقیقت

سرکاری ملکیت میں چلنے والی دونوں، سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) اور سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (SSGC)، جن کو ملک میں قدرتی گیس کی تقسیم کا کام سونپا گیا ہے، اس بات سے انکار کرتے ہیں کہ اس موسم سرما گیس کی سپلائی کے لیے کوئی نئے اوقات کارنافذ کئے گئے ہیں۔

SNGPLکے ترجمان امجد اکرام نے جیو فیکٹ چیک کو فون پر بتایا کہ گیس لوڈ شیڈنگ کے شیڈول میں صبح، دوپہر یا شام کے اوقات شامل نہیں کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ” ابھی کوئی شیڈول نہیں ہے، [ہم] گیس کی سپلائی رات 10 بجے سےصبح 6 بجے تک بند کر دیتے ہیں، اس میں انڈسٹری کو بند نہیں کرتے، صرف ڈومیسٹک [صارفین] کےلئے بند ہوتی ہے۔“

SNGPL خیبر پختونخوا اور پنجاب کے ساتھ ساتھ آزاد جموں و کشمیر کے کچھ علاقوں کو گیس فراہم کرتی ہے۔

اس کے بعد جیو فیکٹ چیک نے سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (SSGC) کے ترجمان سلمان صدیقی سے رابطہ کیا جنہوں نے گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی میں کمی کے کسی بھی نئے اوقات کار کے دعوؤں کو مسترد کردیا۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ان کی کمپنی بھی رات 10:30بجے سے صبح 5:30بجےتک گھریلو صارفین کےلیے گیس کی سپلائی بند کر دیتی ہے۔ SSGC سندھ اور بلوچستان کے صوبوں میں گیس کی ترسیل اور تقسیم کی ذمہ دار ہے۔

سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے یہاں اور یہاں اپنے آفیشل سوشل میڈیا ہینڈلز پر بھی ان دعوؤں کی تردید کی۔

Read Previous

لاہور : تھوک مارکیٹ میں چینی کا ریٹ 3 روپے فی کلو گرام کم ہوگیا

Read Next

17 سال کی عمر میں بطور وکیل حلف لینا بہت حیران کن ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *