ممبئی: بھارت کی مقبول ترین اداکارہ کاجول نے اپنی بلاک بسٹر فلم ‘کچھ کچھ ہوتا ہے’ کی یادیں تازہ کرتے ہوئے ایک ایسے واقعے کا تذکرہ کردیا جس سے بہت کم لوگ واقف تھے۔
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کاجول اور ممتاز ڈائریکٹر کرن جوہر کے درمیان تعلقات کافی اچھے ہیں۔ دونوں ایک دوسرے کے دوست ہیں اور ان کی کیمسٹری بھی کافی میچ کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ اس جوڑی نے شاندار فلمیں دی ہیں۔
ان فلموں میں نوے کی دہائی کی نہایت مقبول فلم ’’کچھ کچھ ہوتا ہے‘‘ بھی شامل ہے۔ فلم میں کاجول نے انجلی کا کردار ادا کیا تھا جو اب تک ان کے تمام کرداروں میں سب سے زیادہ مقبول کردار بن چکا ہے۔
یہ پیار کے بندھن میں بندھے تین کرداروں کی روایتی کہانی تھی جسے ایک خوبصورت موڑ پر ختم کیا گیا تھا اور یہی فلم کی کامیابی کی ضمانت بنا۔
تاہم اب کاجول نے اس فلم کی یادیں شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ فلم میں انجلی نہیں بلکہ رانی مکھرجی والا کردار ادا کرنا چاہتی تھیں اور اس کے لیے انھوں نے ہدایت کار کرن جوہر سے خوب جھگڑا بھی کیا تھا۔
کاجول نے بتایا کہ وہ پون گھنٹے تک کرن جوہر سے بحث کرتی رہیں کہ انھیں انجلی نہیں بلکہ دوسری ہیروئن کا کردار ادا کرنا ہے لیکن کرن جوہر اپنے فیصلے پر ڈٹے رہے اور کہا کہ تمھیں انجلی کا کردار ہی ادا کرنا ہے۔
کاجول کے مطابق لڑائی جھگڑے، ناراضگی اور تمام حربے ناکام ہوگئے تو چار و ناچار انجلی کا کردار ادا کرنا پڑا لیکن میں نے یہ نہایت دل سے ادا کیا کہ کسی کو پتا نہیں چلا کہ یہ کردار میری خواہش نہیں تھی۔
یاد رہے کہ 1998 میں ریلیز ہونے والی ’’کچھ کچھ ہوتا ہے‘‘ میں ثنا سعید، انوپم کھیر، جانی لیور، اور ارچنا پورن سنگھ نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔ یہ فلم اب تک مداحوں کے دل سے نہیں نکل سکی ہے۔