: استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ڈی آر اوز اور آر اوز کی ٹریننگ روکنے کے حکم پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہائیکورٹ کا پی ٹی آئی کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو ٹریننگ روکنے کا حکم دینا الیکشن ملتوی ہونے کا باعث ہوسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بیوروکریٹس کا بطور ڈی آر اوز اور آر اوز تعیناتی کی مخالفت کرنا پی ٹی آئی کا شرمناک تاخیری حربہ ہے۔ ڈی آر اوز اور آر اوز کی ٹریننگ رکوانے کی کوشش کھسیانی بلی کھمبا نوچے کی تشریح ہے۔ پی ٹی آئی نے ہائیکورٹ کو ڈھال بناتے ہوئے انتخابی میدان سے راہ فرار اختیار کی ہے۔
ڈی آر اوز اور آر اوز کی ٹریننگ روکنے کی درخواست نے خوفزدہ پی ٹی آئی کا پول کھول دیا ہے۔ آٹھ فروری کے انتخابات ملتوی کروا کر تحریک انصاف ووٹرز کے حق سے انحراف کر رہی ہے۔ انتشار پارٹی اپنے اندرونی خلفشار اور تقسیم کا شکار ہونے کی وجہ سے ٹائم آوٹ مانگ رہی۔
کلین سویپ کی دعویدار جماعت کو انتخابات میں ضمانتیں ضبط ہونے کا یقین ہوتا جارہا ہے۔ پی ٹی آئی کے پاس اس وقت نہ الیکٹیبلز رہے ہیں نہ ایلیجیبلز رہے ہیں۔ صرف ریجیکٹیبلز رہ گئے ہیں۔ آٹھ فروری کے انتخابات میں درحقیقت ایلیکٹیبلز اور ریجیکٹیبلز کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
سوشل میڈیا پارٹی عملی طور پر انتخابی میدان کی انتہائی کمزور ثابت ہوئی ہے۔ پراجیکٹ ریجیکٹیبلز اپنی غیر سیاسی سوچ کی وجہ سے اپنی سیاسی موت مر چکا ہے جس کا اعلان ہونا باقی ہے۔ انتخابات میں روڑے اٹکانے سے پراجیکٹ ریجیکٹیبلز کے خاتمے کا اعلان میں تاخیر ہو سکتی ہے۔