پرتھ: آسٹریلوی آل راؤنڈر کیمرون گرین گردوں کے ناقابل علاج مرض میں مبتلا ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آسٹریلوی کرکٹر کیمرون گرین نے بتایا ہے کہ وہ پیدائشی طور پر گردوں کے ایک لاعلاج مرض میں مبتلا ہیں جس کا پانچواں مرحلہ ڈائیلاسز یا ٹرانسپلانٹ ہے اور وہ اس وقت بیمارے کے دوسرے اسٹیج پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے گردے 60 فیصد کام کر رہے ہیں جبکہ ڈاکٹروں نے میرے والدین کو میری پیدائش کے وقت ہی بتا دیا تھا کہ میں زیادہ عرصہ زندہ نہیں رہوں گا۔
کیمرون گرین نے کہا کہ ایک مرحلے میں میری اس بیماری نے میری متوقع عمر 12 سال کر دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اب یہ بیماری میرے کرکٹ کیریئر کو بھی متاثر کر رہی ہے کیونکہ مجھے درد کا سامنا رہتا ہے جبکہ کھانے میں نمک اور پروٹین کی مقدار بھی کم رکھنی پڑتی ہے جو کسی بھی کرکٹر کے لیے اچھا نہیں ہے۔
آسٹریلوی کرکٹر نے کہا کہ میں نے اپنے ساتھی کرکٹرز اور کوچنگ اسٹاف کو اپنی بیماری سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ 2020 میں ڈیبیو کرنے والے 24 سالہ آسٹریلوی آل راؤنڈر کیمرون گرین اب تک 24 ٹیسٹ، 23 ایک روزہ میچز اور 8 ٹی ٹوئنٹی کھیل چکے ہیں۔