وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کا 33واں اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں 17 شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹ ”ڈی آئی سی تھری“کی منظوری دیدی گئی۔
تفصیلات کے مطابق گجرات، سیالکوٹ، سرگودھا اور شیخوپورہ میں پہلے فیز میں سیف سٹی پراجیکٹ قائم ہوگا۔ اس حوالے سے 4 شہروں میں 831 کیمرے لگائے جائیں گے۔ دوسرے فیز میں اٹک،جھنگ، ساہیوال، بہاولپور اور رحیم یار خان میں 1234 کیمرے لگائے جائیں گے۔
جہلم، مری، میانوالی، مظفر گڑھ اور دیگر شہرو ں میں تیسرے فیز میں 500سے زائد کیمرے لگائے جائیں گے۔ اجلاس میں پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی سیف سٹی اتھارٹی کے قیام کا جائزہ لیاگیا۔
انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل آئی جی، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، سیکرٹری داخلہ، سی سی پی اواور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔