پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سونیا حسین کا کہنا ہے کہ زندگی اتنی خوبصورت ہے کہ ایک تلخ تجربے کے پیچھے ضائع نہیں کرنی چاہیے۔
سونیا حسین نے حال ہی میں نجی چینل کے میزبان و اداکار عمران اشرف کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی۔
دوران شو میزبانی کے فرائض نبھانے والے اداکار عمران اشرف نے اداکارہ سے ان کے ماضی کے بیان کہ محبت ایک بار ہوتی ہے پر وضاحت طلب کرلی۔
میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے سونیا حسین نے کہا کہ میں زندگی میں اتنی مصروف ہوگئی ہوں کہ محبت کے بارے میں سوچنے کا اب وقت ہی نہیں ملتا۔
تاہم اداکارہ نے ماضی کے بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ یہ بات میں نے آج سے 6 برس قبل کہی تھی مگر اب لگتا ہے کہ شاید محبت دوبارہ ہوسکتی ہے لیکن جو احساس پہلی محبت کا ہوتا ہے وہ پھر نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اب مجھے لگتا ہے کہ زندگی اتنی خوبصورت ہے کہ ایک تلخ تجربے کے پیچھے ضائع نہیں کرنی چاہیے۔
سونیا نے شو کے دوران پہلے کرش کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرا پہلا کرش سجاد علی تھے۔
خیال رہے کہ سونیا حسین نے 2014 میں فٹنس ٹرینر اور ماڈل واصف محمد سے شادی کی تھی لیکن جلد ہی ان کے درمیان طلاق ہوگئی تھی، دونوں نے تاحال طلاق کی وجوہات بیان نہیں کیں۔