نئی دہلی: دہلی پولیس نےبھارتی اداکارہ رشمیکا مندانا کی ڈیپ فیک ویڈیو وائرل کرنے والے چار مشتبہ افراد کا سراغ لگالیا۔
دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے چار مشتبہ افراد کا سراغ لگایا ہے، جو اداکار رشمیکا مندانا کے ڈیپ فیک ویڈیو وائرل کرنے میں ملوث تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ افراد تخلیق کار نہیں بلکہ اپ لوڈ کرنے والے ہیں اور انہیں مارک زکربرگ کی کمپنی میٹا کی مدد سے پکڑا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں مرکزی ملزم کی تلاش کی جا رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزمان نے اداکارہ کی جعلی ویڈیو جعلی شناخت کا استعمال کرتے ہوئے انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کی تھی اور اس حوالے سے ایک ماہ پہلے ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔
اس حوالے سے رشمیکا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ شیئر کرتے ہوئے بہت تکلیف ہوئی اور مجھے آن لائن پھیلائے جانے والے ڈیپ فیک ویڈیو کے بارے میں بات کرنی پڑ رہی ہے۔ یہ انتہائی خوفناک ہے نہ صرف میرے لیے، بلکہ ہم میں سے ہر ایک کے لیے بھی جو آج ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کی وجہ سے بہت زیادہ نقصان کا شکار ہو رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رشمیکا منڈنا کے بعد بالی ووڈ کی کئی خواتین ستارے جن میں کترینہ کیف، کاجول اور عالیہ بھٹ بھی شامل ہیں، مصوعی ذہانت کے ذریعے ڈیپ فیک ویڈیوز کا نشانہ بنیں۔