ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار و فلمساز ارباز خان 24 دسمبر کو میک اپ آرٹسٹ شورہ خان سے شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ارباز خان اور اُن کی سابقہ گرل فرینڈ جارجیا اینڈریانی کے بریک اَپ کی خبروں کے بعد، اب یہ خبر سامنے آئی ہے کہ اداکار رواں ماہ 24 دسمبر کو میک اپ آرٹسٹ شورہ خان سے دوسری شادی کریں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ارباز خان اور شورہ خان کی شادی کی تقریب ممبئی میں منعقد ہوگی جس میں اس جوڑی کے چند قریبی دوست اور خاندان والے شرکت کریں گے۔
ارباز خان کی ہونے والی دلہنیا شورہ خان بالی ووڈ کی میک اپ آرٹسٹ ہیں، ان دونوں کی پہلی ملاقات نئی آنے والی فلم ‘پٹنہ شکلا’ کے سیٹ پر ہوئی تھی جہاں ارباز خان اور شورہ خان کی محبت کی کہانی کا آغاز ہوا۔
اس سے قبل ارباز خان کی سابقہ گرل فرینڈ جارجیا اینڈریانی نے اپنے بریک اَپ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اور ارباز خان بہت اچھے دوست ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، اُن کے دل میں ہمیشہ اداکار کے لیے احساسات رہیں گے۔جارجیا نے ملائکہ اروڑا سے متعلق زیرِ گردش خبروں پر وضاحت دیتے ہوئے کہا تھا کہ اُن کا اور ارباز خان کا بریک اَپ ملائکہ اروڑا کی وجہ سے نہیں ہوا بلکہ وہ اور ارباز شروعات سے ہی جانتے تھے کہ اُن کا رشتہ زیادہ عرصے تک نہیں چلے گا کیونکہ وہ دونوں ایک دوسرے سے بہت مختلف ہیں۔
واضح رہے کہ ارباز خان کی پہلی شادی دسمبر 1998 میں ملائکہ اروڑا سے ہوئی تھی، اُن کی پہلی شادی کامیاب نہ ہوسکی اور 19 سال بعد مئی 2017 میں دونوں میں طلاق ہوگئی تھی، اس جوڑی کا 21 سالہ بیٹا بھی ہے جس کا نام ارہان خان ہے۔