کراچی: سابق وفاقی وزیر و سینیٹر فیصل واؤڈا کی پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملکی سیاسی منظر نامے پر ہلچل اُس وقت ہوئی جب کراچی بلاول ہاؤس میں سابق صدر آصف علی زرداری سے فیصل واؤڈا کی اہم ملاقات ہوئی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی جس میں ملکی اور سندھ کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے ترجمان کی جانب سے آصف زرداری اور فیصل واؤڈا کی ملاقات کی تصویر بھی شیئر کی گئی جس میں سابق صدر خوشگوار موڈ میں سابق وفاقی وزیر کے ساتھ کھڑے ہیں۔
واضح رہے کہ سیاسی منظر نامے میں اہم مقام رکھنے والے تحریک انصاف کو خیر باد کہنے کے بعد فیصل واؤڈا کی پہلی بار کسی سیاسی جماعت کے سربراہ سے ملاقات ہوئی ہے۔