پنجاب حکومت نے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے طلبہ کو کم قیمت پر الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایک انٹرویو میں نگران وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ پنجاب میں دُھند کا بہت بڑا مسئلہ درپیش ہے جس کی سب سے بڑی وجہ ٹرانسپورٹ ہے، اس مسئلے پر قابو پانے کیلئے چین اور تھائی لینڈ کی طرز پر ہم نے الیکٹرک رکشہ متعارف کرایا اور اب الیکٹرک بائیک بھی متعارف کرانے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ پورے پنجاب میں ای وی چارجنگ کا سسٹم رائج کیا جائے، اس کے علاوہ پہلے مرحلے میں ایک سے دو لاکھ الیکٹرک بائیکس سستی قیمت پر طلبہ کو فراہم کی جائیں گی۔