دنیا کے 8 ممالک ایسے ہیں جن میں جانے کے لیے پاکستانیوں کو ویزے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو 151 ممالک میں جانے کے لیے ویزا لینے کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ 36 ممالک میں پہنچ کر ویزا حاصل کیا جاتا ہے۔
الیکٹرونک ویزا کی سہولت بھی کچھ ممالک میں دستیاب ہے مگر صرف 8 ممالک ایسے ہیں جہاں جانے کے لیے ویزا لینے کی ضرورت نہیں ۔
ویزا فری ممالک میں بھی جانے کے لیے پاسپورٹ کا ہونا ضروری ہوتا ہے۔ ان 8 ممالک میں بارباڈوس (کیریبئین جزائر کا ایک ملک) میں 90 دن تک ویزا فری قیام ممکن ہے۔
ڈومینیکا (کیریبئین جزائر کا چھوٹا ملک) میں 180 دن تک بغیر ویزے کے قیام ممکن ہے۔ گیمبیا (مغربی افریقی ملک) کی جانب سے 90 دن تک ویزا کے بغیر قیام کرنے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔
کیریبئین جزائر کا ایک اور ملک ہیٹی بھی 90 دن تک ویزے کے بغیر قیام کرنے کی اجازت دیتا ہے۔
بحر الکاہل میں جزائر پر مشتمل ملک مائیکرو نیشیا میں 30 دن تک ویزا فری قیام ممکن ہے۔
بحیرہ کیریبئین میں امریکا کے قریب واقع چھوٹے سے ملک Saint Vincent and the Grenadines بھی 90 دن تک ویزا فری قیام کی اجازت دیتا ہے۔
جزائر کیریبئین کے ایک اور ملک Trinidad and Tobago میں بھی ویزے کے بغیر قیام کرنا ممکن ہے مگر کوئی مخصوص مدت طے نہیں۔
آسٹریلیا کے قریب واقع جزائر پر مشتمل ملک وانواتو 30 دن تک ویزا فری قیام کی اجازت دیتا ہے۔