ممبئی: بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن نے انکشاف کیا ہے کہ خراب مالی حالات میں وہ فلم کے سیٹ پر لوگوں کے لیے چائے بناتے تھے۔
بالی ووڈ کے لیجنڈ امیتابھ بچن کے بیٹے اور اداکار ابھیشیک بچن کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ والد نے ایک کمپنی بنائی جو دیوالیہ ہوگئی۔ خراب مالی حالات کے باعث کالج کی پڑھائی بھی ادھوری چھوڑنا پڑی۔
ابھیشیک بچن نے انکشاف کیا کہ پیسے نہ ہونے کے باعث فلموں کے سیٹ پر چائے بنایا کرتا تھا۔ میں نے پیسے کمانے کے لیے اپنے دوست کے ساتھ مل کر فلم کا ایک اسکرپٹ لکھا جسے میرے والد امیتابھ بچن نے مسترد ردیا۔اداکار نے کہا کہ 20 سال قبل فلم فئیر ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کے لیے مہینوں پہلے تیاری کی جاتی تھی کہ کیا پہنا جائے گا اورکیسے تیار ہو کر تقریب میں شرکت کی جائے گی۔ میرے پاس نئے کپڑے خریدنے کے لیے پیسے نہیں تھے اس لیے دو سال قبل بہن کی شادی میں جو شیروانی پہنی تھی وہ پہن کر ایوارڈ فنکشن میں شرکت کی۔