ممبئی: بالی ووڈ کی ویٹرن اداکارہ اور اداکارسیف علی خان کی والدہ شرمیلا ٹیگور کا کہنا ہے کہ ان کی بہو کرینہ کپور صاف گو انسان ہیں۔
ایک ٹی وی شو میں اپنے بیٹے سیف علی خان کے ساتھ شریک ویٹرن اداکارہ شرمیلا ٹیگور نے کہا کہ کرینہ کپور نے مجھے خود براہ راست آکر سیف کے ساتھ تعلقات ان کے ساتھ رہنے سے متعلق بتایا۔
شرمیلا ٹیگور کا کہنا تھا کہ جس وقت کرینہ کپور نے یہ بات کی اس وقت ایک پارٹی ہو رہی تھی اور کمرہ لوگوں سے بھرا ہوا تھا۔ کرینہ کی سچائی اور دیانت داری نے متاثر کیا اور یہ بھی پتا چلا کہ وقت کتنا تبدیل ہوگیا ہے۔
شرمیلا ٹیگور کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے زمانے میں اس طرح کی بات کو سات پردوں میں چھپایا جاتا تھا۔ سیف کے والد منصور علی خان سے شادی سے قبل تعلقات تھے لیکن کبھی کسی کو خود نہیں بتایا۔
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ انہیں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے جس کے باعث کچھ عرصہ قبل ریلیز ہونے والی فلم راکی اور رانی کی پریم کہانی میں کام نہیں کرسکی ۔ یہ کردار فلم میں شبانہ اعظمی نے ادا کیا۔