امریکی ریاست فلوریڈا کے شاپنگ مال میں 12 فٹ لمبے بھاری بھرکم مگرمچھ کی مٹر گشت کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلوریڈا کے علاقے ایسٹرو میں قائم کوکونٹ پوائنٹ مال میں ایک ایسی مخلوق آگئی جسے دیکھ کر ہر کوئی خوفزدہ ہوگیا۔
شاپنگ مال میں 12 فٹ لمبے اور 597 کلو گرام کے بھاری بھرکم مگرمچھ نے انٹری دی جسے دیکھ کر انتظامیہ سمیت مال میں آئے شہری دنگ رہ گئے اور فوری پولیس سمیت فلوریڈا فش اینڈ وائلڈ لائف کو طلب کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لی کاؤنٹی شیرف کے دفتر کی جانب سے مگر مچھ کے ریسکیو کرنے کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی گئی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وائلڈ لائف کے اہلکاروں نے مگرمچھ کو پکڑاہوا ہے جبکہ خوش قسمتی سے مگر مچھ نے شاپنگ مال میں کسی بھی شخص کو نقصان نہیں پہنچایا۔