پاکستان بھر میں 2024 کے عام انتخابات مکمل ہونے کے بعد اب اگلا مرحلہ حکومت سازی کا ہے جس میں سادہ اکثریت حاصل کرنے کیلئے مسلم لیگ ن پیپلز پارٹی سمیت دیگر اتحادی جماعتوں سے امید لگائے بیٹھی ہے۔
ذرائع کے مطابق تمام امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے بعد ملک کے نئے وزیراعظم کا انتخاب 4 مارچ کو متوقع ہے۔ وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد صدارتی الیکشن 8 مارچ کو ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب یکم مارچ جبکہ قومی اسمبلی کا اجلاس 29 فروری کو بلائے جانے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم منتخب ہونے کیلئے ایوان میں ارکان کی کُل تعداد میں سادہ اکثریت درکار ہوتی ہے۔ اسمبلی کے ارکان کی کل تعداد 336 ہے جبکہ وزیراعظم کو منتخب ہونے کیلئے 169 ارکان کی حمایت حاصل کرنا ضروری ہے۔
وزیراعظم کے انتخاب میں ووٹ کاسٹنگ کے بجائے ہاؤس کو 2 حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ ایک امیدوار کے حق میں ارکان ایک گیلری جبکہ دوسرے امیدوار کے حق میں ارکان دوسری گیلری میں چلے جائیں گے۔