کراچی: معروف میزبان و اداکارہ شائستہ لودھی نے قومی کرکٹر شعیب ملک اور اداکارہ ثنا جاوید کی شادی کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دو بالغ ایک دوسرے کے ساتھ حلال طریقے سے زندگی گزارنا چاہتے ہیں تو اس میں کیا بُرائی ہے؟
حال ہی میں شائستہ لودھی نے حافظ احمد کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے شعیب ملک اور ثنا جاوید کی شادی پر ہونے والی ٹرولنگ سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
شائستہ لودھی نے کہا کہ دونوں ہی میرے بہت اچھے دوست ہیں، میں دونوں کی نجی زندگی کا احترام کرتی ہوں، دونوں نے اپنے لیے جو فیصلہ کیا وہ اُن کا نجی معاملہ ہے، اُن کا اپنا انتخاب ہے، ہم کیوں کسی کی نجی زندگی پر تنقید کریں؟
شائستہ لودھی نے کہا سوشل میڈیا پر فارغ لوگ بیٹھے ہیں جن کا کام لوگوں کی نجی زندگی کو پرکھنا اور ٹرولنگ کرنا ہے، میں ان لوگوں سے پوچھنا چاہتی ہوں کہ آپ کو کس نے یہ اجازت دی ہے کہ آپ کسی کو judge کریں اور اُس پر تنقید کریں؟
اُنہوں نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ میرا کام ٹی وی اسکرین پر کام کرنا ہے تو لوگ میرے کام کی وجہ سے مجھ پر تنقید کرسکتے ہیں لیکن میں اپنی نجی زندگی میں کسی کے ساتھ بھی رہوں یا کچھ بھی کروں تو اس سے لوگوں کو کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔
شائستہ لودھی نے ثنا جاوید اور شعیب ملک کی شادی سے متعلق وائرل ویڈیوز پر ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر لوگوں نے غیراخلاقی اور گھٹیا تصاویر لگا کر ویڈیوز وائرل کیں، انہیں اندازہ ہی نہیں ہوتا کہ اُن کی اس حرکت سے اُس انسان کی فیملی کیا اثر پڑے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ ثنا جاوید کے بھائی، بہن اور فیملی بھی ہے، اسی طرح ثنا اور شعیب ملک کا ماضی میں جس فیملی کے ساتھ رشتہ تھا، اُن کی بھی معاشرے میں عزت ہے لیکن ہمارے یہاں لوگ یہ سب نہیں سوچتے۔
شائستہ لودھی نے کہا کہ ثنا جاوید اور شعیب ملک کے خلاف سوشل میڈیا پر کمنٹس پڑھ کر بہت رونا آیا، پتہ نہیں ہم دوسروں کو خوش کیوں نہیں دیکھ سکتے۔
واضح رہے کہ 20 جنوری کو ثنا جاوید اور شعیب ملک نے اپنی شادی کا اعلان کیا تھا، اس جوڑی نے اپنے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شادی کی تصاویر پوسٹ کی تھیں۔
ان دونوں اسٹارز کی یہ دوسری شادی ہے، شعیب ملک نے پہلی شادی سال 2010 میں بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے کی تھی جبکہ ثنا جاوید نے پہلی شادی سال 2020 میں گلوکار عمیر جیسوال سے کی تھی۔
ثانیہ مرزا سے شعیب ملک کا ایک بیٹا اذہان مرزا ملک ہے جس کی پیدائش 2018 میں ہوئی تھی۔