پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن میں گزشتہ روز میچ کی دوسری اننگز کے آغاز میں ہی لائیو نشریات رک گئی۔
پی ایس ایل 9 میں گزشتہ روز ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں ملتان انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں مدِ مقابل آئیں۔ سلطانز نے 55 رنز سے کنگز کو شکست دے کر اپنی پہلی کامیابی سمیٹی۔
اس دوران جب ملتان سلطانز کی بیٹنگ کے بعد دوسری اننگز کا آغاز ہوا تو براہِ راست نشریات روک دی گئی۔ ٹرانسمیشن اننگز کے 3.5 اوورز پر رُک گئی جس کے بعد 8 ویں اوور کی دوسری گیند پر دوبارہ ٹرانسمیشن بحال ہوگئی۔
میچ کی ٹرانسمیشن تقریباً 4 اوورز تک متاثر رہی لیکن دونوں ٹیموں کے درمیان میچ جاری رہا۔ لائیو نشریات روکنے کی وجہ تکنیکی مسائل بتائے گئے۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل کی 8 سالہ تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ میچ کے دوران ٹرانسمیشن روک دی گئی تھی۔