حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی شادی سے قبل مایوں اور دعا کی تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے اپنی والدہ کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا۔
ماہرہ خان نے اپنے دیرینہ دوست صنعت کار سلیم کریم سے 2 اکتوبر کو پنجاب کے سیاحتی مقام مری میں شادی کی تھی اور شادی کے موقع پر اداکارہ کے بیٹے اذلان بھی ان کے ہمراہ دکھائی دیے تھے۔
اس سے قبل اتوار کو اداکارہ کی مینیجراور بھائینے ان کی ویڈیوز انسٹاگرام پر شیئر کرکے ان کے رشتہ ازدواج میں بندھنے کی تصدیق کی تھی جس کے بعد ماہرہ اور سلیم ایکس پر ٹرینڈ بھی کرنے لگے تھے۔
اب اداکارہ کی جانب سے خود شادی کی تصاویر اور ویڈیوز شئیر کی گئی ہیں جس میں ماہرہ نے کیپشن میں اپنے شوہر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ’میرا شہزادہ، سلیم‘۔اداکارہ نے کیپشن میں لکھا کہ ’میری والدہ کی ایک خواہش تھی کہ وہ میری شادی کا آغاز دعا کے ساتھ کریں، میری خوبصورت اماں، جو وہیل چیئر پر ہیں، لوگ سمجھتے تھے کہ وہ میری شادی میں کچھ نہیں کر سکتیں لیکن یقین مانیں وہ بہت کچھ اور سب کچھ کر سکتی ہیں۔‘ماہرہ خان نے اپنی والدہ سے متعلق مزید کہا کہ ’انہوں نے بیٹھے ہوئے گھر کی تمام ڈیکوریشن اور تیاریاں کیں اور وہ وقت پر تیار بھی تھیں، ایسے والدین ملنے پر اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں۔‘اداکارہ نے مزید کہا کہ دعا کے بعد میری بچپن کی دوستوں نے میری مایوں رکھی، ایسی دوستوں کے لیے بھی اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں جنہیں میں اپنی بہنوں کی طرح سمجھتی ہوں۔’ماہرہ خان نے یہ بھی لکھا کہ ’میں نے نیچے جانے سے قبل اپنی نانی اور دادی کے لیے موتیا کے پھول لے کر کانوں میں پہنی بالیوں میں ڈال لیے تھے‘۔