پِچ سازگار اور موسم خوشگوار، کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان…
اوپنر بلے باز فخر زمان کی خراب فارم اور میدان سے باہر کے حالات و خدشات کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں آج اپنا پہلے میچ کھیلے گی۔
ورلڈ کپ میں پاکستان کا افتتاحی میچ عام طور پر ایک ہلچل یا ہنگامہ خیزی لیے ہوتا ہے لیکن راجیو گاندھی سٹیڈیم میں جمعے کو ہونے والے مقابلے کو دیکھنے کے لیے تماشائیوں کے آنے کا بظاہر کوئی امکان نظر نہیں آتا۔
حیدر آباد شہر میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے والہانہ استقبال سے چند مبصرین کو یہ اُمید بھی ہے کہ مقامی لوگ پڑوسیوں کے کھیل کو دیکھنے آ سکتے ہیں خاص طور پر جب بابر اعظم جیسا بلے باز اور شاہین آفریدی جیسا بولر اُن کے شہر میں کھیل رہا ہو۔
ویسے بھی پاکستان کرکٹ ٹیم انڈیا کھیلنے کم ہی جاتی ہے تو شاید کچھ شائقین یہ سوچ لیے بھی راجیو گاندھی سٹیٹیم کا رخ کریں۔
دونوں کرکٹ ٹیموں کا آخری پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کا ریکارڈ دیکھا جائے تو نیدرلینڈز اور پاکستان دونوں نے تین، تین میچوں میں کامیابی حاصل کی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ایک روزہ میچ آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں کھیلا گیا تھا جہاں حارث رؤف کی ایک اُٹھتی ہوئی گیند نیدرلینڈز کے بیٹر باس دی لیڈ کے چہرے پر لگ گئی تھی اور اُن کی آنکھ کے نیچے زخم بن گیا تھا۔
گزشتہ ہفتے حیدر آباد میں وارم اپ میچز سے قبل بارش ہوئی تھی تاہم آج موسم صاف ہے۔
صاف موسم میں پِچ کی صورتحال بھی بلے بازوں کے لیے خوشگوار رہے گی اور مبصرین کے مطابق یہ ایک ’ہائی سکورنگ‘ میچ ہو گا۔
گزشتہ دو ورلڈ کپ کے دوران پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں شکست کھائی تھی۔ اس حوالے سے بھی آج کا میچ دلچسپ ہو سکتا ہے۔
کپتان بابر اعظم ورلڈ کپ میں اپنے 500 رنز مکمل کرنے سے 26 رنز کی دوری پر ہیں۔